By AnySeee | 19 December 2018
سردی کے لوازمات
اللہ تعالیٰ کے مقرر کردہ سارے موسم ہمارے لیے باعثِ رحمت ہیں ۔ سردیوں کو زحمت نہ سمجھیں ۔ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ موسم کے اعتبار سے اللہ نے ہمیں ایسی چیزیں کھانے کے لیے عطا کی ہیں کہ ہم سردی کی شدت اور اس کے مضر اثرات سے بچ کر اس موسم کا لطف اُٹھا سکتے ہیں ۔اللہ تعالیٰ نے موسمی پھلوں اور سبزیوں میں وہ غذائیت رکھی ہے کہ ہم سردیوں میں وہ توانائی حاصل کر سکتے ہیں جس کی ہمارے جسم کو ضرورت ہوتی ہے ۔ موسمی پھل اور سبزیوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ اگر احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو کئی بیماریوں مثلاً نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور نمونیا میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہے ۔
خشک میوے جیسے بادام، پستہ، مونگ پھلی، چلغوزے، اخروٹ، کا جو وغیرہ جسم کی حرارت کو بحال رکھتے ہیں۔ اصلی گھی سے تیار کردہ حلوے میں بھی ان خشک میووں کو استعمال کر کے ذائقےاورغذائیت دونوں کا فائدہ اُٹھا یا جا سکتا ہے ۔
موسمِ سرما کی مناسبت سے سبزیوں کا استعمال ضرور کریں۔ سرسوں کا ساگ، چولائی، بتھوا، گاجر، مولی، گوبھی وغیرہ اور پھلوں میں سیب، کینو، موسمی، انار، ناشپاتی اور دیگر پھل توانائی پہنچانے والی قدرت کی سوغاتیں ہیں، جنھیں موسمِ سرما میں کھا کر لطف اُٹھایا جا سکتا ہے ۔
سردیوں میں ہفتے میں دوبار مچھلی ضرور استعمال کرنی چاہیے۔ یہ ہمارے جسم کے نظام کو درست رکھتی ہے۔ مچھلی کا تیل بھی مفید ہے، سردیوں میں اس کا استعمال جسم کو ایسی توانائی فراہم کرتا ہےجس سے جسم کا مدافعاتی نظام مضبوط ہوجاتا ہے۔
ہمارے ہاں سردیوں میں چائے کا فی کا رجحان بڑھ جاتا ہے۔ پاکستان میں چائے کا رجحان قہوہ کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ عربوں میں قہوہ زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، صحت کے لحاظ سے یہ زیادہ مفید بھی ہے ۔
کیا آپ سردیوں کی ان لوازمات سے لطف اندوز ہوتے ہیں؟
Post a Comment